منگلورو:2/مئی (ایس اؤنیوز)پچھلے کچھ برسوں سے دکشن کنڑا ضلع میں معصوم مسلم نوجوانوں پر جس طرح سے پولس کا ظلم وستم جاری ہے، اُس کا خاتمہ یقینی بنایا جائے، پولس کا مسلم گھروں میں غیر قانونی طورپر گھسنا اور معصوم نوجوانوں کو ظالمانہ طورپر اٹھا لے جانا اور پھر اُن پر تھرڈ ڈگری کا استعمال کرتے ہوئے ظلم وبربریت ڈھانے جیسے واقعات پر روک لگانا ضروری ہے۔ یہ بات دکشن کنڑا ضلع مسلم یونائیٹیڈ فورم کے صدر اور سابق میئر مسٹر کے اشرف نےکی۔
وہ یہاں احمد قریشی پر ہوئے مبینہ پولس ظلم کے خلاف مسلم یونائٹیڈ فورم کی قیادت میں منگلورو کے نہرو میدان میں منعقدہ ’’منگلورو چلو‘‘پروگرام میں صدارتی خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ احمد قریشی پر ہوئے پولس ظلم کے ساتھ ہی مسلم نوجوانوں پر ہونے والے ظلم کاخاتمہ ہونا چاہئے، احمد قریشی کے ساتھ ہوئی نا انصافی کے متعلق میں نے عوامی نمائندوں سے ملاقات کرکے گفتگو کی ہے۔ لیکن کوئی فائدہ حاصل نہیں ہوا، ہم نے جن کو منتخب کرکے بھیجا تھا وہی ہمارے لئے راہ کا روڑا بنے ہوئے ہیں۔ ہماری جدوجہد کے سلسلے میں انہوں نے بطور نام ہی سہی بلا کر بات تک نہیں کی، میں بھی کانگریس پارٹی سے تعلق رکھتاہوں، لیکن جب میری قوم کے ساتھ نا انصافی ہوتی ہے تو میں خاموش نہیں رہونگا۔ میری پہلی ترجیح میری قوم ہے، اس کے بعد پارٹی ۔ قوم کے ساتھ جس طرح کی نا انصافی ہورہی ہے اس کے خلاف جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
اشرف نے کہا کہ احمد قریشی کے معاملے کو لے کر مجھے تمام پولس محکمہ سے شکایت نہیں ہے ، محکمہ میں کچھ بہترین افسران بھی ہیں لیکن چند بے کار افسران کی وجہ سے ماحول خراب ہورہاہے، جہاں تک محکمہ پولس کا تعلق ہے اُن کو ذات اور دھرم نہیں دیکھنا چاہئے ، پولس کو ہمیشہ غیر جانب دار رہنا چاہئے۔ احمد قریشی سے پہلے بھی کئی مسلم نوجوانوں پر ظلم کیا گیا ہے ، کارتیک راج معاملے میں بھی پولس مسلم نوجوانوں کو تھانہ بلا کر ظلم کرچکی ہے، جب کہ کارتیک راج قتل معاملے میں کون کون ملوث ہے کوناجے پولس کو اچھی طرح پتہ تھا لیکن یہ الزام مسلمانوں کے سر مونڈھنے کی پوری طرح کوشش کی جاچکی ہے۔
مسلم سنٹرل کمیٹی کے صدر کے ایس محمد مسعود نے پروگرام کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کرتےہوئے کہاکہ ہماری جدوجہد انصاف کے لئے ہے ۔ یہ کسی پارٹی کے بیانر کو لے کر جدوجہد نہیں کی جارہی ہے تبھی ہم نے تعاون کیا ہے ، ہم نے یہاں جدوجہد کی بنا ڈالی ہے اب دیکھنا یہ ہے کہ کون کون اس کو پانی سے سیراب کرتے ہوئے آگے بڑھاتاہے۔ پروگرام میں شافعی سعدی این کے ایم بنگلورو، عبدالقادر دارمی کوکیلا، محمد یعقوب سعدی، اشرف کنار منگلورو، نوشاد حاجی، سہیل خندق، احمد قریشی کے بھائی نشاد، عبدالقادر، کارپوریٹر عبدالعزیز، حسین کاٹی پالیا اور بھٹکل کے عنایت اللہ شاہ بندری وغیرہ موجود تھے، جن میں سے کافی لوگوں نے خطاب کرتے ہوئے احمد قریشی پر کئے گئے ظلم کی سخت مذمت کی۔
